لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ نئے سفر کا آغاز ہوا ہے، کراچی میں بلدیاتی ادارے متحرک ہوتے تو آج شہر پانی میں نہ ڈوبتا۔ لاہور ائیر پورٹ پر ذرائع نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا ہے کہ ن لیگ خود ہمارے پاس آئی تھی، سیاست میں دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئے۔
مسلم لیگ ن کے ساتھ نئے سفر کا آغاز ہوا ہے،مرکز میں اچھی پالیسیوں کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، قومی مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام ملک کی ضرورت ہے۔
اگر کراچی میں بلدیاتی ادارے فعال ہوتے تو آج شہر پانی میں نہ ڈوبتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں کسی صوبے میں مقامی حکومت کا نظام نہیں چلا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ستر ہزار بلدیاتی ملازمین کو تنخواہیں نہیں دیں، عید کے بعد ان ملازمین کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کریں گے۔