کراچی : صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کا خصوصی صفائی مہم کے جائزے کے لئے ضلع کورنگی کے شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی ،گرین ٹائون اور گولڈن ٹائون کا دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری خصوصی صفائی و بیوٹیفکشن مہم کا معائنہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے ضلعی بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ بلا تعطل صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور عوامی تعاون کے ذریعے صاف ستھرے سرسبز مہم کو کامیاب بنا کر شہر کراچی کو نیٹ اینڈ کلین اور بلدیاتی مسائل سے پاک بنا یا جائے۔
دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہاکہ شہر میں جاری خصوصی صفائی و ستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے کوئی خصوصی فنڈز کا اجراء نہیں کیا گیا ہے بلکہ ضلعی بلدیاتی ادارے ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنے دستیاب وسائل کو بروے کار لاکر روز مرہ امور کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نا چاہتے ہیں اور نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ملکر شہر کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا ئیں گے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو ضلع کورنگی میں بلدیہ کورنگی کے تحت جاری خصوصی صفائی و بیوٹیفکشن مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہوں نے صوبائی وزیر کو یقین دلا یاکہ اُن کی ہدایت پر جاری بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے خصوصی مہم کو عوامی تعاون کے ذریعے کامیاب بنا کرضلع کورنگی کو شہر قائد مثالی ضلع بنا یا جائیگا۔