بلدیہ کورنگی کے افسران علاقائی مسائل کے فوری ازالے کے لئے محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنائیں۔عبدالراشد خان

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان کی ہدایت پر شاہ فیصل زون میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ صفائی وستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور ممکنہ برسات کے پیش نظر برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے خصوصی مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور میمن اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کے حل کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی مسائل کے فوری ازالے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنایا جائے انہوں نے کہاکہ صفائی وستھرائی ،بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے موثر انداز میں مہم چلا ئی جائے اور تجاوزات کے مکمل خاتمے اور سرکاری ارضی پر غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کو یقینی بنائی جائے۔

شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورے پر علاقہ خواتین اور عوام نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان کو علاقائی سطح پر درپیش فراہمی و نکاسی آب اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے اپنی گزارشات پیش کیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان نے عوام کو یقین دلا یا کہ علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انشا اللہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے عوام کو مسائل سے نجات دلا ئیں گے اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات مکمل نگرانی میں انجام دے کر بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے علاقائی سطح پر مثالی ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے۔

Abdul Rashid Khan

Abdul Rashid Khan