کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع کے بلدیاتی اداروں کے فنڈز اور ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث دونوں شہروں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں، صوبائی حکومت حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث بلدیاتی سہولتیں نہ ہونے کے سبب جگہ جگہ گندا پانی کا کھڑا ہے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھاکہ حکومت سندھ کی جانب سے عدم ادائیگی کے باعث بلدیاتی اداروں کے پاس موجود مشینری میں ڈیزل ڈلوانے تک کے پیسے نہیں ہیں جبکہ بلدیاتی ملازمین عید الفطر سے قبل اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ بلدیاتی فنڈز اور ملازمین کی تنخواہوں جاری نہ کرنا کھلی ناانصافی اور ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔