مراد علی شاہ وزیر اعلی سندھ منتخب
Posted on July 30, 2016 By Mohammad Waseem اسلام آباد, اہم ترین, مقامی خبریں
Murad Ali Shah
اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ نئے وزیراعلی منتخب ہو گئے ہیں۔
جمعہ کو سندھ اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔
پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار مراد علی شاہ کو 88 ووٹ جب کہ اُن کے مد مقابل تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کو تین ووٹ ملے۔
مراد علی شاہ اس سے قبل صوبائی وزیر خزانہ تھے۔ پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ تقریباً 10 سال تک صوبے کے وزیر اعلیٰ رہے۔
رواں ہفتے ہی پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے صوبے میں وزیراعلیٰ تبدیل کرنے اور کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا۔
قائم علی شاہ نے جمعرات کو اپنا استعفیٰ گورنر عشرت العباد کو پیش کیا تھا۔
قائم علی شاہ 2008ء اور 2013ء کے عام انتخابات میں صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔
وہ 1988 میں بھی تقریباً دو سال تک صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ رہے۔