لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان تعصب کی عینک اتاریں تو انہیں پنجاب حکومت کی کارکردگی نظر آئے۔ حکومت پنجاب توانائی کے حالیہ بحران کے خاتمے اور بجلی کی قومی پیداوار میں اضافے کے لیے کئی ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھارہی ہے۔ قابل تجدید شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک قائم کیا جا رہاہے۔
بہاولپور میں 9 سومیگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی سٹڈی کے لیے ایک کمپنی کو ایل او آئی جاری کیا جا چکا ہے۔ مذکورہ کمپنی شمسی توانائی کی پیداوار میں گراں قدر خدمات کی حامل ہے اور اس شعبے میں کمپنی کا ریکارڈ شاندار ہے۔ بہاولپور پراجیکٹ کے حصول کے لیے متعلقہ کمپنی معاشی اور تکنیکی دونوں مطلوبہ معیار پر بھرپور انداز میں پورا اتری ہے۔ دیگر منصوبوں کی طرح بہاولپور سولر پارک منصوبے میں بھی قوانین ، ضابطوں اور پالیسیوں پرسختی سے عمل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ لائنس حاصل کرنے والی کمپنی پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبہ میں توانائی کے خود مختار پیدواری ادارے کی حیثیت سے کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔