بگٹی قتل کیس، مشرف کی عدم حاضری پر عدالت برہم، 19 مئی کو طلب کر لیا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کوئٹہ (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کے احکام جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ کے جج طارق انورکاسی نے کی۔

سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیر پاؤ، سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے پرویز مشرف اور انکے 2 ضامنوں کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پرویز مشرف کے وکیل سے استفسار کیا جس پر سابق صدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ ان کے ضامنوں کوعدالت میں پیش کرنے کے لیے 12 بجے تک کی مہلت دی جائے جس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے 12 بجے کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی تو پرویز مشرف کے 2 ضامن ممتاز اور نذیر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔