کراچی (جیوڈیسک) فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث18مفرور دہشت گردوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی، حساس ادارے کی جانب سے دہشت گردوں کی فہرست جلد وزارت داخلہ کو ارسال کر دی جائے گی۔
دہشت گردوں کو پاکستان سمیت بیرون ملک کسی بھی پاکستانی سفارت خانے سے پاسپورٹ جاری نہیں ہوسکیں گے، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے فہرست انٹر پول کو بھی ارسال کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے گرد گھیر ا تنگ کر رہے ہیں، حکومت ایک جانب پاکستان کی جیلوں میں قید سزا یافتہ دہشت گردوں کو پھانسی کے تختے پر لٹکا رہی ہے تو دوسری جانب آزاد فضا میں دندناتے پھرنے والے دہشت گردوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جانا شروع کر دیا گیا ہے۔
فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث ایسے مفرور دہشت گرد جن کے بارے میں انکشاف ہو اہے کہ وہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کیلیے منظم گروہ چلا رہے ہیں، ایسے دہشتگردوں کے پاسپورٹ منسوخ کیے جا رہے ہیں، دہشت گردوں کو پاکستان سمیت بیرون ملک کسی بھی پاکستانی سفارت خانے سے پاسپورٹ جاری نہیں ہوسکیں گے جبکہ ان کے نام اور بنیادی معلومات کی فہرستیں انٹر پول کو ارسال کی جائیں گی جس کی مدد سے ان کی گرفتاری عمل میں آسکے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر18 ایسے دہشت گردوں کے پاسپورٹ منسوخ کیے جارہے ہیں جو کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں اور اضلاع میں فرقہ وارانہ تنظیموں اور گروپوں کو چلارہے ہیں اور بیرون ملک سے ان کومالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم سپاہ محمدؐ، کالعدم سپاہ صحابہ ؓ، کالعدم لشکر جھنگوی، کالعدم لشکر مہدی، کالعدم حزب القائم، کالعدم جند اﷲ اور کالعدم ناصرانِ عمر ؓ سے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جن دہشت گردوں کے پاسپورٹ منسوخ کیے جار ہے ہیں ان میں امجد حسین ولد غلام عباس، اسد عباس ولد کرم علی شاہ، عمران زیدی ولد ظفر علی زیدی، علی رضا عابدی عرف ٹیپو عرف شاہ جی ولد حسین عابدی، الیاس سلیم عرف الیاس معاویہ ولد کریم الدین، مزمل عرف نائی ولد رنگ علی، رفعت بنگش ولد علی بنگش، شاہ زین ولد معاویہ علی، عمیر الدین ولد عبدالخالق، توقیر قاضی ولد احمد قاضی، سفیان علی ولد صدیق قریشی، اکرام جھنگوی عرف کمانڈو عرف استاد ولد سلیم الدین، طاہر فخرولد احمد بخش، سہیل عرف منا تھانوی ولد عتیق احمد، طالب حیدر عرف جیکی عرف کمانڈو ولد نسیم حیدر، ظفر علی جعفری ولد مولانا اظہر علی جعفری، فیضان معاویہ ولد ناصر علی اور انوار علی ولد اشرف صدیقی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد پاکستان میں متعدد فرقہ وارانہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں اور اس وقت فرار ہو کر بیرون ملک میں مقیم ہیں اور پاکستان کے مختلف شہروںمیں اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔