لاہور (جیوڈیسک) اسلام پورہ کے علاقہ میں چالیس سالہ شخص ماتھے پر گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ قتل کیا گیا یا خود کشی، پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ محلے داروں کا کہنا ہے کہ بھائی سجادنے جائیداد کے تنازع پر عارف کو گولی مار کر قتل کر دیا ہے جبکہ بھائی اور اسکی بیوی نے پولیس کو بتایا کہ عارف نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے۔ پولیس نے اسکے بھائی اور بھاوج کو شامل تفتیش کرلیا۔
علاوہ ازیں تھانہ ہربنس پورہ کے سامنے 30 سالہ خاتون کی تشددزدہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ نامعلوم خاتون کو مزاحمت کرنے پر قتل کیا گیا ہے اور اسکی لاش تھانہ کے سامنے پھینک دی گئی اسکے سر پر تیز دھار آلہ سے وار کیا گیا جس سے اسکی موت واقع ہوئی ہے، شناخت کیلئے مساجد میں اعلانات کروائے جارہے ہیں لیکن ابھی تک خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی، مقتولہ کالے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ہے۔