شوبز (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی اداکارہ فضا علی نے شدید برفباری کے دوران مری میں لیے جانے والے ہوٹل کے کمرے کا تجربہ شیئر کیا ہے۔
فضا علی کے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ ایک پراجیکٹ کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھیں جہاں سے انہوں نے برفباری دیکھنے کے لیے مری جانے کا پلان بنایا۔
فضا علی کے مطابق انہوں نے اروما کیفے نامی مری کے ایک ہوٹل میں 20 ہزار روپے میں ایک رات کے لیے کمرا کرایے پر لیا جہاں پہنچتے ہی انہیں اندازہ ہوا کہ تصویروں میں جو کمرے انتظامیہ کی جانب سے دکھائے گئے تھے وہ ایسے بالکل بھی نہیں تھے۔
فضا علی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ ہوٹل کے کمروں کے واش روم میں پانی موجود نہیں تھا، شکایت کرنے پر انتظامیہ نے بتایا کہ موٹر چلائی ہے پانی آجائے گا لیکن 4 گھنٹے گزرجانے کے باوجود پانی نہیں آیا۔
اداکارہ کے مطابق اس دوران ہم نے 3 کپ چائے آرڈر کی تو بل دیکھ کر شدید حیرانی ہوئی کیوں کہ 3 کپ چائے ہمیں 2 ہزار روپے میں دی گئی، تاہم اس کے باوجود کئی گھنٹے گزر گئے اور جب پانی نہیں آیا تو ہم نے انتظامیہ پر شدید غصہ کیا اور پانی نہ آنے کی صورت میں پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا جس کے بعد ہمیں پیسے واپس کیے گئے اور پھر ہم نے وہ ہوٹل چھوڑ دیا۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں عوام سے سانحہ مری کے دوران ہوٹل والوں کے برے رویے اور اوورچارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے نام لینے کی بھی درخواست کی تاکہ ایسے ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مری میں ہوٹل مالکان میں صرف 10 فیصد افراد ایسے ہیں جن کا تعلق مری سے ہے، ورنہ زیادہ تری مری کے ہوٹلز کے مالکان بڑے بڑے سیاستدان، کاروباری شخصیات اور وزیر ہیں۔