اسلام آباد (جیوڈیسک) مری میں اپنے دوبھانجوں کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے والے شخص کو ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں سے گرفتار کر لیا گیا۔ 14 اپریل کو ندیم نامی شخص اپنے رشتے کے تین بھانجوں کو سیر کرانے کے لیے ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں سے مری لے گیا تھا جہاں اس نے تینوں کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹ دیے اور فرار ہو گیا۔
اسلام آباد پولیس کو 11 سالہ مہر علی اور 4 سالہ قادر کی لاشیں اسلام آباد کے جنگل سے ملیں جبکہ سات سالہ زین شدید زخمی حالت میں ملا تھا۔ اطلاع ملنے پر جمعرات کے دن پولیس نے حویلیاں میں ملزم ندیم کے گھر چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کر لیا۔ مقتول بچوں کے نانا کا کہنا تھا کہ ملزم ندیم کی بچوں سے کوئی دشمنی نہیں تھی، وہ اکثربچوں کو سیر کے لیے اپنے ساتھ لے جایا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم ندیم کو آج صبح حویلیاں سے ایبٹ آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔