مری (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری میں جاں بحق افراد کی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 8 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عثمان بزدار نے مری کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سانحے کے ذمے داروں کے تعین کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی جب کہ مر ی کوضلع کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مری میں 2 نئے تھانوں اور 2 پارکنگ پلازے بنانے کی منظوری دی گئی، عثمان بزدار نے مری میں اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔
ابتدائی رپورٹ سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ 7 جنوری کو مری میں 16 گھنٹے میں 4 فٹ برف پڑی، 3 جنوری سے 7جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق برفباری کے دوران گاڑیوں میں بیٹھے 22 افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی جب کہ مری جانے والی 21 ہزارگاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔
ابتدائی رپورٹ پروزیراعلیٰ نے مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد پر برہمی کا اظہار کیا۔