مسقط سے لاہور آنے والے مسافر کو حراست میں لینے کا ڈراپ سین

Sonia

Sonia

لاہور (جیوڈیسک) مسقط سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں سوار مسافر کی گرفتاری کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، مسافر کو دہشت گرد قرار دیکر پھنسانے کے الزام میں اس کی بیوی کو ساتھی سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ لاہور کا رہائشی دلدار شاہ شادی کے بعد روزگار کے سلسلے میں مسقط چلا گیا۔

ڈھائی سال تک شب و روز محنت کر کے کمائی گھر بھجواتا رہا گھر والوں کی زیادہ یاد ستائی تو وطن واپس آنے کا پروگرام بنایا اور نجی ایئرلائن کی پرواز سے لاہور چل پڑا۔ وہ فضا میں تھا کہ اے ایس ایف کو یہ کال موصول ہوئی کہ اس جہاز پر ایک دہشت گردآ رہا ہے جونہی جہاز علامہ اقبال ایئرپورٹ پر اترا، اے ایس ایف نے دلدار شاہ کو حراست میں لے لیا۔

تفتیش میں یہ بات سامنے آ گئی کہ دلدار شاہ کی بیوی سونیا اور اس کے ساتھی کاشف نے اسے پھنسانے کیلیے جھوٹی کال کی تھی۔ دلدار شاہ کی تو جان چھوٹ گئی مگر جھوٹی اطلاع دیکر اپنے سرتاج کو پھنسانے والی ساتھی سمیت خود سلاخوں کے پیچھے پہنچ گئی۔