کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔ پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وہ جو دستاویزات مانگ رہے ہیں ،انھیں فراہم نہیں کی جارہیں۔
گزشتہ روز دلائل دیتے ہوئے پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ انھیں ایوان صدر اور آرمی ہاؤس کی ملاقاتوں کی فہرست دی جائے، یہ تفصیلات اس لیے ضروری ہیں کہ پتا چلے کہ کون کون کس سے ملتا رہا، ملاقاتوں کا مقصد کیا تھا، سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عبدالحمید ڈوگر سمیت 110 پی سی اوجج اور سات نومبر 2007 کی ایمرجنسی کے حق میں قرارداد منظور کرنے والے ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ملزم ہیں، ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے عدالت کو بتایا کہ انھیں آج لندن جاناہے جہاں زیادہ دیر رکنا پڑسکتا ہے، کیس کی مزید سماعت آج ہوگی۔