مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل، پولیس آج اے ایف آئی سی جائیگی

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کی طرف سے ملزم پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے پولیس آج اے ایف آئی سی جائے گی،ملزم کی سیکورٹی کیلئے رینجرز، پولیس کمانڈوز اور حساس اداروں کے 2100 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

پرویز مشرف کی عدالت پیشی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرویز مشرف کی سیکورٹی کیلئے رینجرز، پولیس کمانڈوز اور حساس اداروں کے 2100 اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور صرف سیکورٹی کلیرنس کے حامل اہلکاروں کو ہی سیکیورٹی پر تعینات کیا جائے گا۔

ملزم کی اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت آنے کیلئے دوسے تین روٹس لگائے جائیں گے۔ اسلام آبادمیں ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے جبکہ خصوصی عدالت کے باہر کسی قسم کے مظاہرے پر پابندی ہو گی۔ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

کے مطابق ایس پی سٹی اسلام آباد مستنصر فیروز پولیس ٹیم کے سربراہ ہوں گے، ان کے علاوہ ٹیم میں اے ایس پی سٹی یاسر آفریدی اور 3 انسپکٹر زشامل ہیں۔ پولیس ٹیم صبح 8 بجے اے ایف آئی سی میں اپنی پوزیشن سنبھال لے گی۔ سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے حکم دے رکھاہے کہ اگرملزم پرویز مشرف 31 مارچ کو عدالت میں حاضرنہ ہوں توانہیں گرفتار کرکے لایا جائے۔