لاہور (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مشرف سے ڈیل پر خود پیپلز پارٹی کے رہ نماؤں کے بیانات میں تضادات ہیں، خود مشرف نے ڈیل کی تردید کی ہے، پاکستان کے آئین اور قانون سے متصادم کسی چیز کا حصہ نہیں بنیں گے۔
لاہور میں ایک تقریب کے بعد میڈيا سے گفت کو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ مشرف کو محفوظ راستہ دینے سے متعلق خود پیپلز پارٹی رہنماؤں کے بیانات میں تضاد ہے جبکہ ن لیگ اپنا واضح موقف دے چکی ہے ، لہذا اس معاملے کو اب ختم ہو جانا چاہیے۔
ایک سوال پر پرویز رشید نے کہا کہ انہیں میڈيا سے پیار ہے ، ایک طاقتور اور آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے ضروری ہے ، جیو کو پیمرا نے سزا دے دی ، انہوں نے جرمانہ بھگت لیا اب اس بات کو ختم کر دینا چاہیے۔
پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردوں نے تیرہ چودہ سال سے وزیرستان میں رہنے والے عوام کو ان کےاپنے گھروں میں یرغمال بنایاہواتھا لیکن اب حکومت ان لوگوں کو آباد کر کے دم لے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی حکومت نے ملک کی دفاعی ضروریا ت پوری کرنے کے لیے کبھی کنجوسی سے کام نہیں لیا۔ ملک کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے عوام ہمیشہ قربانی دیتے ہیں۔