کراچی (جیوڈیسک) پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کے معاملے پر حکومت تنقیدی توپوں کی زد میں آ گئی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے مشرف کی بیرون ملک روانگی پر حکومت کیخلاف مظاہروں کی کال دیدی۔
اس سے قبل مشرف کی بیرون ملک روانگی پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق صدر کے خلاف ان کی والدہ کے قتل سمیت اہم مقدمات چل رہے ہیں، وہ بیرون ملک گئے تو سب کیسز ادھورے رہ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ پرویز مشرف کو کلین چٹ دینے کیلئے درج کیا گیا، اب حکومت کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
دوسری جانب مولا بخش چانڈیو بھی مشرف کے معاملے پر خوب بولے، کہتے ہیں میاں صاحب نے جس طرح اپنی جان چھڑوائی اسی طرح پرویز مشرف کی بھی چھڑا دی۔
مشیر اطلاعات سندھ نے سوال کیا کہ وزیر اعظم بتائیں ان کے اختیار میں کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ کیا ان کی حکومت صرف فرمائشی پروگرام ہی رہ گئی ہے؟ حکومتی خاموشی جمہوریت کیلئے اچھا شگون نہیں ہے۔