لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے فوج کے ادارے کو تباہ کیا ، مشرف اور ان کے وکلاء بدترین سازش کر رہے ہیں۔ لاہور کے آپا نثار فاطمہ فاضیلہ گرلز ہائی سکول میں تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ مشرف فوج کا تشخص تباہ کر رہے ہیں۔
سابق آمر کا مقدمہ ذاتی مقدمہ ہے ، مشرف کیس کو فوج کے ساتھ جوڑنے والے ملک سے غداری کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف آپریشن کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے لیکن اس سے پیچھے ہٹنا مشکل ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ کم از کم نقصان پر امن کا قیام یقینی بنایا جائے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان کا قانون غیر معمولی ہے اور غیر معمولی حالات کے لیے ہے۔حالات بہتر ہونے پر یہ ختم ہو جائے گا۔