لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق طالبان کے حالیہ بیانات پر تشویش ہے تاہم سیکیورٹی کے موثر انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ پرویز مشرف مجرم ثابت ہوا تو مسلم لیگ معافی کا دروازہ نہیں کھولے گی۔
صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محرم میں دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں تاہم انسانی حد تک ممکن سیکورٹی کر لی گئی ہے جس پر تمام مکاتب فکر کے علما نے اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور رینجرز کو حالات بے قابو ہونے کی صورت میں کوئیک رسپانس کیلئے طلب کیا ہے۔
پرویز مشرف کے بارے میں کئے گئے سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ہماری رائے میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے آئین کے آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی کی ہے اس رائے کے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کمیٹی قائم کی ہے۔
رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ عدالت عالیہ کے حکم پر عمل کرنے کے لئے بلدیاتی آرڈیننس میں ترمیم کر دی گئی ہے جس کے تحت بلدیاتی انتخابات سیاسی بنیادوں پر کروائے جائیں گے۔