اسلام آباد(جیوڈیسک)پرویز مشرف کی اپنے ہی گھر میں پہلی رات بطور قیدی گزری ، 14روزہ جوڈیشنل ریمانڈ کے بعد چک شہزاد فارم ہاوس کو سب جیل قرار دے دیا گیا اور اب یہاں اڈیالہ جیل کے عملے اور پولیس کا پہرہ ہے۔ کل جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سخت سیکورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ججز نظر بندی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے پرویز مشرف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی۔عدالت نے پرویز مشرف کا چودہ دن کا جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے چار مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی حکم میں کہاگیاہے کہ پولیس رکارڈ کے مطابق پرویزمشرف کابیان ریکارڈکرلیاگیاہے، تفتیش کے لیے فی الحال ملزم کی مزید ضرورت نہیں۔اس کے بعد پرویز مشرف کو واپس پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔
سہ پہر میں پرویز مشرف کے چک شہزاد کے فارم ہاوس کو اڈیالہ جیل کی سب جیل قرار دینے کے نوٹیفکیشن کے بعد سابق صدر کو ان کی رہائش گاہ منتقل کردیا گیااور وہ اپنے ہی گھر میں قیدی بن گئے۔ یہاں اب اڈیالہ جیل کے عملے اور اسلام آباد پولیس کا کنٹرول ہے، سابق صدر کو ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات حاصل نہیں۔