مشرف اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی پراپیلوں کی سماعت آج ہوگی

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد الیکشن ٹریبونلز نے شریف برادران اور مولانا فضل الرحمان سمیت کئی امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔سابق صدرپرویزمشرف کے چترال سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف 5اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ الیکشن ٹریبونل تمام اپیلوں کی سماعت آج کرے گا۔

قصور سے پرویز مشرف کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت بھی آج دوبارہ ہوگی۔کراچی میں حلقہ این اے250 سے کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف پرویز مشرف کی اپیل مسترد کردی گئی ہے۔ان کے وکیل خواجہ نوید کا کہنا ہے کہ فیصلے کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔

عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت بھی آج کی جائے گی۔ادھر لاہور میں الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کے صدرنوازشریف اور سابق وزیر اعلی شہبازشریف کو لاہور سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔فیصلے کے بعد کارکنوں نے خوشی میں دیوانہ وار رقص کیا اور نعرے لگائے۔

الیکشن ٹریبونل نے این اے 98 سے امتیاز صفدر وڑائچ اور این اے 106سے سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔خواتین کی مخصوص نشستوں پر ثمینہ خاور حیات اور سیمل کامران کو بھی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے بھی مولانا فضل الرحمان سمیت 31 امید واروں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ ان میں نجم الدین خان،پیرصابرشاہ ، مولانا گل نصیب ، نواب زادہ محسن علی خان ، شہاب الدین خان اور ستارہ ایاز بھی شامل ہیں۔مشرف اورعمران خان کی قسمت کا فیصلہ آج متوقع ہے۔