مشرف کیخلاف تحقیقات کرتے ہوئے عمران نیازی کے پَر جلتے ہیں: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نیازی کو پتا ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آیا ہے اور یہ عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن فرار ہو جائے گا۔

مریم نواز ظفر وال میں بیمار کارکن ذکی الرحمان کے گھر پہنچیں اور ان کی عیادت کی، مریم نواز نے ذکی الرحمان کو نواز شریف اور حمزہ شہباز کیلیے خصوصی دعا کرنے کا بھی کہا۔

بعد ازاں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا جیتا ہوا 2018 کا الیکشن چوری ہوا تھا، ن لیگ کی حکومت تھی تو ملک اوپر جا رہا تھا، بجلی کے منصوبے لگ رہے تھے اور دہشت گردی ختم ہو رہی تھی لیکن نواز شریف کو اقامے جیسے مذاق پر وزیراعظم کی کرسی سے ہٹا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے ذریعے عوام پر قیامت ٹوٹی ہے، آج کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا، پیاز، ڈیزل، ٹماٹر اور چینی مہنگی ہو گئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا جس نے ساری عمر دوسروں کی جیبوں کا کھایا ہو اسے کیا پتا عام آدمی کیسے گزارا کرتا ہے، جس نے ساری زندگی محنت نہیں کی اسے کیا پتا محنت کش کے گھر روٹی کیسے بنتی ہے، نیازی کو صرف گو نہیں کہنا بلکہ اسے گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ نیب کو شہباز شریف، حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق نظر آتے ہیں لیکن حکومتی وزراء نہیں نظر آتے، الیکشن کمیشن کے پاس عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 300 کینال کے گھر میں رہتا ہے اور صرف ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے، کسی میں اتنی جرات ہے کہ اس اشتہاری کو کٹہرے میں کھڑا کرے، بنی گالہ کا گھر بغیر این او سی کے تعمیر ہوا لیکن کسی میں ہمت ہے کہ وہ گھر کو گرائے؟

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے کبھی کوئی کاروبار نہیں کیا، کبھی کوئی نوکری نہیں کی، کیا نیب میں اتنی جرات ہے کہ عمران خان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقدموں سے کس کو ڈراتے ہو؟ نواز شریف کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا ہوئی، نواز شریف مشرف کے دور میں 14 ماہ قید کاٹ چکا ہے اور سات سال جلا وطن رہا، نیازی کی حیثیت نہیں این آر او دینے کی، چند دن بعد خود این آر او مانگے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیازی کو پتا ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آیا ہے، نیازی عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن فرار ہو جائے گا، اس کے بچے اور سب کچھ وہیں ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر کے مطابق اس جعلی حکومت کو آئے 10 ماہ ہو گئے ہیں، عمران خان بتاؤ 10 ماہ میں کیا کیا؟ صرف شکایتیں اور رونا دھونا جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیراعظم کے انکوائری کمیشن کے اعلان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب، 10 سال قبل کی تحقیقات کیوں نہیں کرتے کہ اس وقت مشرف تھا، مشرف کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے عمران نیازی کے پَر جلتے ہیں، عمران خان کی 10 مہینے کی حکومت نے قرضوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے جو قرضہ لیا اس سے اربوں کے منصوبے لگے لیکن نیازی صاحب آم نے اتنے قرضے لیے ہیں ایک اینٹ بھی لگائی ہے؟ اب رونا دھونا نہیں چلے گا بلکہ جواب دینا ہو گا، نیازی نے سازشیں کر کے مخالفین کو میدان سے باہر نکال دیا ہے، اس کے باوجود ان کی کارکردگی کچھ نہیں ہے۔