اسلام آ باد (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کیلیے حکومت عدالت کے ذریعے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کے حکم کے انتظار میں ہے۔ سابق صدر بیرون ملک جانے سے قبل غداری مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کو میموکیس میںحسین حقانی طرزکا حلف نامہ جمع کرائیں گے جس میں عدالت طلبی پر وہ عدالت پیش ہونے کا حلف نامہ دیں گے اور بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے ۔
سابق صدرکی قانونی ٹیم اور پراسیکیوشن سائیڈ کے ذرائع کے مطابق قانونی طور پر زیر التوا مقدمے کے دوران بیرون ملک جانے کی پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔ سندھ ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کوحکم دیا تو حکومت سابق صدرکا نام ای سی ایل سے نکال دے گی۔قانونی طور اس کے بعد معاملہ خصوصی عدالت سے اجازت لینے کا آئے گا، اس ضمن میں حسین حقانی طرزکا ایک حلف نامہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت میں جمع کرانا ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس سارے معاملے میں حکومت خودکسی طرح کا کوئی فیصلہ کرنے کے بجائے معاملہ عدالتوں کے ذریعے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی پالیسی اختیارکرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔