مشرف آخری کیس میں ضمانت کے منتظر

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) جنرل ریٹائرڈ مشرف اپنے آخری کیس میں بھی ضمانت کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، مگر حکومت نے واضح کردیا ہے کہ ابھی غداری کیس کی تحقیقات کرنی ہیں، ابھی جانیں نہیں دیں گے وزیرداخلہ چودھری نثار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ مشرف اور غیر آئینی اقدامات میں ساتھ دینے والے اس وقت کے دیگر جنرلوں سے تحقیقات کیلیے ایف آئی اے کو چھ ہفتے دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل رٹائرڈ مشرف کا نام پہلے ہی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا ہوا ہے جسے سپریم کورٹ کی ہدایت کے بغیر خارج نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب پرویز مشرف جن کی ججز نظر بندی، بے نظیرقتل اور اکبر بگٹی قتل کیس میں تقریبا چھ ماہ نظر بندی کے بعد ضمانت پر رہائی قریب تھی۔

اب عبدالرشید غازی قتل کیس میں ضمانت کا انتظار کررہے ہیں، 10 اکتوبر کو قتل کے اس مقدمے میں پرویز مشرف کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دے دیا گیا، جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے، درخواست پر فیصلہ 18 اکتوبر کو متوقع ہے۔