مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے کیس کی سماعت آج ہو گی

Musharraf

Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے کیس کی سماعت آج سندھ ہائی کورٹ میں ہو گی۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل دو رکنی بنچ کررہاہے۔

گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف پر سنگین غداری کا مقدمہ ہے انھیں باہر جانے کی اجازت دینا انتہائی رسک ہو گااور منتخب حکومت یہ رسک لینے کو تیار نہیں۔

دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیے کہ خصوصی عدالت کے 31 مارچ کے حکم نامے میں ان کے موکل کی نقل وحرکت پر پابندی عائد نہیں کی گئی، نہ ہی ان کانام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں فریکچر ہے جس کا ملک میں علاج نہیں ہوسکتا، عوامی مفاد میں ہوگا کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ عدالت نے وکلاء کو تحریری دلائل 31 مئی کو جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔