مشرف کا دور اقتدار استحکام پاکستان اور عوامی خوشحالی کا بیمثال دور تھا‘ شاہد قریشی ‘ طاہر حسین

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قومی سطح پر سیاسی ہلچل کے بعد اب سندھ کی سیاست میں بھی تیزی آتی جارہی ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ملک وسط مدتی انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ بھی ایکٹیو سیاست میں اِن ہوچکی ہے اور تنظیم نو ‘ عوامی رابطوں ‘ ممبر سازی وانتخابی تیاریوں کیلئے کراچی میں اے پی ایم ایل سندھ کا مرکزی دفتر بہادر آباد میں قائم کردیا گیا ہے

جس کا افتتاح گزشتہ روز چیف آرگنائزر شہاب الدین شاہ حسینی نے آرگنائزنگ سیکریٹری شاہد قریشی کے ہمراہ کیاجبکہ افتتاحی تقریب میں کراچی ڈویژن کے رہنما¶ں کے علاوہ سندھ کے دیگر تمام اضلاع کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے عہدیداران اورتنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی اور آل پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم سازی کی رفتار کو تیز کرکے مشرف کے پیغام”سب سے پہلے پاکستان “ کو سندھ کے ہر گھر اور بچے ‘ بوڑھے ‘ جوان و خواتین تک پہنچاکر اے پی ایم ایل کو پاکستان کی سب سے منظم ‘فعال اور مضبوط عوامی و سیاسی قوت بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اے پی ایم ایل کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے کہا کہ پاکستان کا ہر باشعور ومحب وطن شہری یہ بات مانتا ہے کہ مشرف کا دور اقتدار پاکستان کے استحکام اور عوامی خوشحالی و امن کا بیمثال دور تھا اسی لئے ہر ایک پاکستانی کی خواہش ہے کہ مشرف کو پھر سے برسراقتدار لایا جائے اور اس مقصد کیلئے ہر محب وطن پاکستانی اے پی ایم ایل میں شمولیت چاہتا ہے تاکہ ووٹ کی قوت سے مشرف کا انتخاب کرکے اپنا اور اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے جبکہ کراچی میں اے پی ایم ایل سندھ کے مرکزی دفتر کے قیام سے عوام کو آل پاکستا ن مسلم لیگ سے رابطوں اور اس میں شمولیت کے ساتھ عوامی مقصد و خواہش کی تکمیل میں آسانی ہوگی۔