واشنگٹن (جیوڈیسک) معروف امریکی سماجی رہنما جیسی جیکسن نے وزیراعظم نواز شریف کے نام خط میں پرویز مشرف کانام ای سی ایل سے ہٹانے کی اپیل ہے۔
انھوں نے درخواست کی کہ سابق صدر کو علاج کیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ طبی رپورٹوں کے مطابق انھیں بیرون ملک علاج کی فوری ضرورت ہے۔ جیسی جیکسن نے لکھاکہ میں پاکستان کی خودمختاری میں مداخلت نہیں کررہا، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پراپیل کررہاہوں۔ جیکسن کے مطابق انھوں نے صدراوباماسے رابطہ کر کے مشرف کے بیرون ملک علاج کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس ہفتے بیگم صہبا مشرف نے ان کی صحت کے متعلق بتایا جس پرہم سب کوتشویش ہے۔پاکستان کادوست ہونے کے ناطے میں پاکستان کی مددکرنے کیلئے ہروقت تیارہوں۔جیکسن نے نوازشریف کویاددہانی کرائی کہ جب آپ اورآپ کے بھائی جیل میں تھے توپاکستانی امریکن برادری نے مجھ سے مدد کی درخواست کی تھی۔
آپ کے بھائی کی رہائی کے بعد میری ان سے شکاگو میں ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت مجھے آپ کی مددکرکے بہت خوشی ہوئی تھی اوراب بھی اسی جذبے کے ساتھ آپ سے اپیل کررہاہوں کہ سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے اور انھیں علاج کیلیے باہر جانے کی اجازت دی جائے، اس اہم مسئلے پربات چیت کیلیے آپ کے ملک کادورہ کرنے کیلئے بھی تیارہوں۔