کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پیپلز پارٹی کو ماضی بعید اور متحدہ قومی موومنٹ سے ماضی قریب میں خلع حاصل کرنے والے لیاری کے مقامی سیاسی رہنما کی سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار نے کہا کہ پرویز مشرف کو یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہئے کہ ڈوبتے جہازوں سے کودنے والوں کی وفاداری مشکوک ہوتی ہے۔
اور کشتی میں سوراخ کرنے والوں کو اپنی ناک میں بٹھانا خود کشی کے مترادف ہوتا ہے جبکہ لیاری کی بلوچ ‘ مکرانی ‘ سندھی ‘ گجراتی ‘ کچھی ‘ کاٹھیاواڑی ‘ میمن’ کھتری ‘ بوہری ‘ اسماعیلی اور دیگر برادریوں کو بھی اب ان تمام لوگوں کو پہچان لینا چاہئے جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر اپنے محلوں کو ترقی کا نمونہ بناتے اور لیاری کو نظر انداز کرکے لیاری کے مسائل میں اضافہ کرتے رہے ہیں۔
اور لیاری کو منشیات ‘ اسلحہ ‘ تعصب ‘ لسانیت اور گینگ وار کی آگ میں جھونک کر اپنے اقتدار کی راہ ہموار کرتے رہے ہیں ۔گجراتی سرکار نے لیاری کے عوام سے کہا کہ وہ لیاری کے نام پر سیاست کرکے لیاری کے عوام کو قربان کرنے والی روایتی سیاسی جماعتوں کی بجائے گجراتی قومی موومنٹ پر اعتماد کرکے انتخابات میں جی کیو ایم کو کامیاب بنائیں۔
ہم لیاری کے عوام تک جمہوریت کے و خوشحالی کے حقیقی ثمرات پہنچائیں گے اور پرویز مشرف مستردوناکام سیاستدانوں کو اپنے گرد جمع کرنے کی بجائے عوام دوست قوتوں کے ساتھ اتحاد بنائیں تو یہی خود مشرف اور ملک و قوم سب کیلئے بہتر ہوگا۔