کراچی : ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے پرویز مشرف کا نام نکالنے کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مشرف کے حق میں فیصلے اور حکومت کو مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی عدالتی ہدایات و احکامات کو عوام کی فتح قرار دیتے ہوئے سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سینئر رہنما شاہد قریشی ‘ ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید و دیگر رہنما¶ں‘ عوام اور سول سوسائٹی نے اظہار مسرت کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کے قائد اور سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو مبارکباد پیش کی اور اس عدالتی فیصلے کو سیاسی سفر میں مشرف کی پہلی و خوش آئند فتح قرار دیا ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل ) سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے اس موقع پر احاطہ عدالت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے مشرف کا نام نکالنے کا عدالتی فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں نے مشرف کا نام غیرقانونی طور پر محض انتقام پرستی و سیاسی مخاصمت میں ای سی ایل میں شامل کیا تھا اور اسی طرح مشرف پر بنائے گئے تمام مقدمات بھی سیاسی ‘ انتقامی اور جھوٹے ہیں جوکہ بہت جلد ختم ہوجائیں گے اور مشرف تمام مقدمات میں عدالتوں سے باعزت بری ہوکر ایکبار پھر عوام و پاکستان کی خدمت کے ذریعے وطن عزیز کو تحفظ و استحکام اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرینگے۔
طاہر حسین سید نے اپنے عوامی قائد پرویز مشرف کو ای سی ایل سے نام نکالے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی والدہ کی صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ مشرف اپنی والدہ کی عیادت کیلئے بیرون ملک جائیں گے اور واپس آکر تمام عدالتوں میں اپنا اور سیاسی محاذ پر عوام پاکستان کا مقدمہ لڑ کر فتح یاب ہوں گے کیونکہ وہ ملک و قوم سے مخلص ‘ محب وطن ‘ دیانتدار اور فرض شناس رہنما ہیں جن کا بے داغ ماضی مستقبل میں ان پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔