مشرف کے انتخاب لڑنے پر تاحیات پابندی ملک و قوم اور جمہوریت کیخلاف سازش ہے پرویز مشرف نے عوام کو با اختیار اور ملک کو ترقی یافتہ بنایا طاہر حسین

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے پرویز مشرف پر تاحیات انتخاب لڑنے کی پابندی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان کے عوام کو خوشحال اور ملک کو مستحکم بنانے کیلئے پوری دیانتداری اور حب اولوطنی سے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان و عوام کو لوٹ مار کرپشن دہشت گردی اقربا پروری طبقاتی تضاد غربت وجہالت سے نجات دلائی۔

امن قائم کرکے صنعت و تجارت کا پہیہ پوری رفتار سے چلانے کے ساتھ بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو با اختیار و خود مختار بھی بنایا مگر پاکستان پر سالہاسال سے مختلف اشکال و درجات پر متمکن جمہوریت و آمریت ہر دو ادوار میں مقتدر رہنے۔

اپنے ذاتی و گروہی مفادات کیلئے سازشوں کے ذریعے کبھی جمہوریت کاگلا دباکر اور کبھی آمرانہ اقدام کو آئینی تحفظ فراہم کرکے ملک و قوم کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے ملک وقوم اور جمہوریت کے دشمن پاکستان کے عوام کو خوشحال آزاد اور خود مختار نہیں دیکھنا چاہتے۔

اسی لئے پرویز مشرف کو اقتدار سے دور رکھ کر عوام کو اپنا غلام بنائے رکھنے کیلئے مشرف کیخلاف سازشیں کررہے ہیں اور ان کے انتخاب لڑنے پرپابندی لگانے کے ساتھ انہیں جھوٹے کیسز میں پھانس کر انہیں ملک و قوم سے مخلصی و حب الوطنی کی سزا دینے کے ساتھ انہیں دیگر محب وطن اور عوام دوست قوتوں کیلئے نشان عبرت بنانے کی سازش بھی جارہی ہے۔