تحریر: عمران احمد راجپوت اگر ملک میں ایک آزاد اور غیرجاندارانہ سروے کرایاجائے تو قوی امکان ہے کہ پاکستان کے باشعور طبقے سے تعلق رکھنے والی عوام پرویز مشرف سے پسندیدگی کا اظہار کرتی نظر آئے مشرف کو اقتدار سے ہٹانے اور زرداری حکومت قائم کئے جانے کے بعد سے عوام میں ایک عجیب بے چینی پائی جانے لگی۔ جو عوام مشرف گورنمنٹ میں پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا دیکھ رہی تھی اسے ایک بار پھر پاکستان سمیت اپنا آپ پیچھے کی جانب جاتا نظر آنے لگا۔ کیونکہ اقتدار پر ایک بین الاقوامی سازش کے تحت بالترتیب انھی لوگوں کو براجمان کیا جارہا تھا جن کو عوام بھگتائے بیٹھے تھے۔لہذا پہلے زرداری گورنمنٹ اور پھر پرانے روایتی کھیل کو برقرار رکھتے ہوئے نواز گورنمنٹ کا اقتدار پر براجمان ہونا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
جنرل مشرف کے اقتدار سنبھالے جانے کے بعد ،شروع کے تین سالوں میںجب تک ملک میں مارشل لاء قائم رہی اور مشرف ملک کے چیف ایگزیکٹیوبن کر جنرل ضیاء کی طرح معاملات چلاتے رہے تو ملکی و بین الاقوامی طاقتیںانھیں پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی رہیں۔ لیکن جیسے ہی مشرف نے 2002 ء میں عام انتخابات کا انعقاد کرایااورساتھ ہی پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوریت کی اصل روح لوکل گورنمنٹ کے تحت شہری حکومتوں کا قیام عمل میں لایا گیا تو ملک میں موجود اشرافیہ سمیت ملکی و غیر ملکی قوتوں کی جانب سے مشرف کے خلاف ایک محاز کھول دیاگیا۔ کچھ قوتوں نے افغان پالیسی کا بہانہ بنا کر مشرف کو آڑے ہاتھوں لیاتو کچھ نے آمریت کا ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے حبِ علی میں بغضِ معاویہ کا کردار نبھایا۔
Popularity
جبکہ کہ دوسری جانب جنرل مشرف کا ملک میں ایک نئی سوچ کو پروان چڑھانااور ایک لبرل مائینڈسیٹ رکھتے ہوئے ترقی پسندی کے رجحان کو عام کرنا عوامی سطح پر سرہایا جانے لگا مشرف کی مقبولیت میں پے درپے اضافہ ہورہا تھا ملک ترقی کی طرف چل پڑا تھا لوگ خوشحال ہونے لگے تھے ملکی درآمداد و برآمداد میں اضافہ ہورہا تھا پاکستان کی معاشی گروتھ تاریخ کی انتہائی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی تھی۔ شہری حکومتوں کے نظام کے تحت عوامی مسائل اُن کی دہلیز پر حل ہونے لگے تھے ۔پاکستان کے چاروں صوبوں سے غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کو شہری حکومتوں کے نظام کے تحت اقتدار میں حصہ ملنے لگا تھا عوام مطمئین ہورہے تھے کیونکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہونے لگا تھا میڈیا کو آزاد اور بااختیار بنادیا گیاتھاجس سے عوام میںسیاسی شعور بیدار ہونے میں مدد ملی اور غریب عوام کو سیاست کی سمجھ بوجھ آنے لگی ، نت نئے سیاسی کھلاڑی میدان میں اترنے لگے جس سے پرانے کھلاڑیوں کا راستہ بند ہونے لگا۔
بنیادی تعلیم کو لازمی قرار دیتے ہوئے مفت کردیا گیا تھا تاکہ ملک میں خواندگی کی شرح کو بڑھایا جاسکے ۔ ترقیاتی فنڈز ملک کے گلی کوچوں میں استعمال ہورہے تھے عوام کا پیسہ عوام کے سامنے لگ رہا تھا عوام ماضی کی طرح سیاستدانوں کے جھوٹے آسروں اورکھوکلے نعروں پر امید لگائے نہیں بیٹھے تھے بلکہ عوام خود ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوتا دیکھ رہے تھے۔ ملک میں موجود وہ قومیں جوحقوق نہ ملنے کی وجہ سے احساسِ کمتری میںمبتلا تھیں اُن کی شکایات دورہونے لگی تھیںصوبائیت کا تصور اور لسانیت کی سیاست آہستہ آہستہ دم توڑرہی تھی کیونکہ ملک میںہر طبقے سے تعلق رکھنے والی قوم کو اُس کے اپنے علاقے میں اختیارات سونپے جارہے تھے۔
ملک میں اشرافیہ کی گرفت کمزور ہونے لگی تھی ملکی سیاست میں عوام ذور پکڑنے لگے تھے یوں کہیں کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حقیقی عوامی جمہوریت قائم ہونے جارہی تھی ۔ طاغوتی قوتوں کو یہ سب کب برداشت ہونے لگا تھا لہذا پرانی تنخواہ پر کام کرنے والوں کو واپس لانے کے لئے راستہ ہموار کیا جانے لگاڈُگ ڈگی کی تھاپ پر ایک بار پھر عوام کو نچانے کی تیاری کی گئی ملک میں بے چینی اور انتشار پھیلانے کے لئے ایک ماحول بنایا گیا ریاستی اداروں کو استعمال کیا گیامیڈیا سے لیکر ملک میں بکنے والی ہرچیز کو منہ مانگے داموں خریدا گیا اور بالآخر ایک عالمی سازش کے تحت پاکستان میں پہلی بار قائم کی جانے والی حقیقی عوامی جمہوری گورنمنٹ کاخاتمہ کر دیا گیا۔ انااللہ وانا الیہ راجعون ۔۔۔
Pakistani Nation
یہ سب واقعی پاکستانی قوم کے لیے ایک صدمے کا باعث تھا ۔اِس کے بعد جو کچھ ہوا اور ہورہا ہے سب قارئین کے سامنے ہے ملکی معاشیت آج پھر دائو پر لگی ہے عوام سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیںلوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے باہر ہے اور وزیراعظم صاحب ملک کی سادہ لوح عوام کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنارہے ہیںجس پراِس پروقار تقریب میں بیٹھے صاحبان مارے خوشی کے تالیاں بجاتے نہیںتھک رہے ۔ عوام بے بسی کی تصویر بنے یہ سب اپنی آنکھوںسے دیکھ رہے ہیں لیکن کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ اِن کی حالت ایک معزول قوم کی سی ہے جنھیں مفاد پرستوں نے ا قتدار کے عیوز جمہوریت نامی سولی پر چڑھادیا ہے ۔ آج دیکھیںتو جمہوریت کے پجاریوں میں شامل سیاستدان بھی خوش اشرافیہ بھی خوش بین الاقوامی قوتیں بھی خوش عسکری قیادتیںبھی خوش اگر کہیں کوئی نوحہ کناں ہیں تو اِس ملک کی 9 1کروڑ عوام جنھیںاُن کے حق سے معزول کردیا گیا۔
آج اِس قوم کو حقیقی معنوں میں مشرف کی کمی محسوس ہورہی ہے۔لیکن مذکورہ بالا حسن پرستوں نے سیاست میں اُس کا راستہ روک رکھا ہے اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے ہوئے ہیںجس میں اندونی و بیرونی قوتوں کا ہاتھ ہے جو نہیں چاہتے کہ ملک میں عوامی حکومت قائم ہو اور ملک ایک بار پھر ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے۔لوگ آج بھی مشرف کا دور یاد کرتے ہیں جس نے ان میں یہ احساس جگایا کہ پاکستان کے اصل وارث اِس ملک کی حقیقی عوام ہیں پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والے مظلوم عوام آج بھی مشرف کے ساتھ ہیں خاص کر سندھ میں اردو بولنے والا طبقہ الطاف حسین کی بے لوث قیادت کے بعداگر کسی کو اپنا نجات دھندہ تصور کرتا ہے تو وہ جنرل پرویز مشرف ہی ہیں۔