مشرف نے نہ توآئین توڑا نہ ہی کسی کے قتل میں ملوث ہیں، طاہر حسین

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے اسلام آباد سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی جانب سے مشرف کی درخواست ضمانت کی منظوری اور ضمانت پر رہائی کے احکامات پر اپنے رہبر و رہنما پرویز مشرف ان کے اہلخانہ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ شاہد قریشی وصی الدین و دیگر تمام عہدیداران تحریکی ساتھیوں و کارکنان اور عوام پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مشرف کیخلاف جاری سازشوں اور ان کے قومی ‘ عوامی و فلاحی اقدامات کو غیر قانونی قرار دینے کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ملک بدترین دہشتگردی سے دوچار ہے اور حکمران دہشتگردوں کو مذاکرات کی دعوت دیکر امن کی بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔

بینظیر قتل کیس اکبر بگٹی قتل کیس اور ججز نظر بندی کیس میں ضمانت کی منظوری کے بعد اب غازی عبدالرشید قتل کیس میں بھی مشرف کی ضمانت کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تمام کیسز جھوٹ و بددیانتی پر مبنی اور مشرف ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کیخلاف بھی سازش ہیںکیونکہ پاکستان وقوم کے تحفظ بقا سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے ایک دیانتدار محب وطن اور عوام دوست سربراہ و حکمران کو جو کچھ کرنا چاہئے تھا پرویز مشرف نے وہ سب کیا اوران کے 12مئی و3نومبر کے اقدامات سمیت دیگر تمام اقدامات ایک سربراہ مملکت کی حیثیت سے ملک و قوم کے بہتر مستقبل کیلئے تھے جنہیں غیر آئینی قرار دینا نہ صرف آئین و منصب صدارت بلکہ پاکستان و عوام کی بھی توہین ہے جبکہ مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دہشتگردوں کی سرکوبی ضروری ہے جس کیلئے مشرف کا اقتدار میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔