مشرف کو عوام کو خوشحال وبا اختیار بنانے کے جرم میں ہی غدار قرار دیا جارہا ہے طاہر حسین
Posted on July 19, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی آئین شکنی کی پردہ پوشی کیلئے مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے والے میاں نوازشریف کے سابقہ ادوار اس بات کے گواہ ہیں کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کراکر عوام کو با اختیار بنانے کی بجائے خدمت کمیٹیوں کے ذریعے عوام پر اپنے من چاہے افراد مسلط کرکے عوام کو یرغمال و غلام بنائے رکھنے کی سازش کی اور پیپلز پارٹی ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کے زریعے بلدیاتی اداروں کو کنٹرول کرتی رہی۔
پرویز مشرف وہ واحد حکمران تھے جنہوں نے ملک بچانے کیلئے فوج کے کردار کی ادائیگی کے بعد عنان حکومت سنبھالنے کے بعد نہ صرف ملک میں جمہوریت بحال کی بلکہ بلدیاتی انتخابات کراکر جمہوریت کو تحفظ بھی دیا اور مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے عوام کو شریک اقتدار بناکر با اختیار بنانے کے ساتھ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ملک میں تاریخ ساز ترقی کی بنیاد بھی رکھی اسلئے قوم کو یہ بات جان لینی چاہئے کہ ملک و قوم سے خلوص و محبت کرنے والے وہ لوگ نہیں ہیں جو اپنے اقتدار کیلئے جمہوریت کا نعرہ لگاتے ہیں بلکہ عوام و پاکستان کو مشرف جیسے مخلص و دانا حکمران کی ضرورت ہے جس کا سابق دور پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور تھا اور عوام کو با اختیار بنانے کو ہی جرم قرار دیکر جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے مفادات کے نگہبان مشرف کو غدار قرار دلانا چاہتے ہیں !