مشرف نے خواتین کو خوشحال و خود مختار بنانے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ‘وصی الدین ‘ قرأت زیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشرف دور میں پاکستان نے تاریخ کی تیز رفتار معاشی ‘ اقتصادی ‘ تعلیمی اور سماجی ترقی کی اور پاکستان کا ہر شہری اس ترقی سے فیضیاب ہوا۔ مشرف نے اپنے انداز حکمرانی میں عدل و مساوات کو ملحوظ رکھتے ہوئے جہاں امیر و غریب کا فرق مٹایا وہیں صنفی امتیاز کا خاتمہ کرکے خواتین کو حقوق دیئے اور ان کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کیلئے استعمال کیا کیونکہ خواتین کو محفوظ و خوشحال بنائے بغیر نہ تو ہم تہذیب و تمدن یافتہ کہلائے جاسکتے ہیں اور نہ ہی قومی و معاشرتی ترقی ممکن ہے کیونکہ پاکستان میں خواتین کا تناسب 52 فیصد سے بھی زائد ہے۔

اکثریتی آبادی کو نظر انداز یا حقوق سے محروم کرکے دنیا کا کوئی معاشرہ ترقی و تہ ذیب کا سفر طے نہیں کرسکتا۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ” مشرف لورز فورم ” کی جانب سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید ‘ مشرف لورز فورم کے صدر ہمایوں مرزا ‘ سید وصی الدین ‘ انصار نقوی ‘طاہر عباس ‘ فیروزہ وارثی ‘ سعدیہ راشد’ قرأت زیدی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دور میں خواتین کو ایوان میں نمائندگی دی گئی ‘ ان کیلئے خصوصی نشستوں کا اضافہ کیا گیا’ کاروباری قرضوں کا اجرأہوا’ تعلیم کے دروازے کھولے گئے ‘ جرگوں اور تشدد کیخلاف قانون سازی ہوئی ‘ خواتین کو ہراساں کرنے کے عمل کو قابل سزا بنایا گیا اور خواتین کو قانونی طور پر با اختیار ‘ خودمختار ‘ خوشحال اور محفوظ بنانے کیلئے مؤثرا قدامات کئے گئے۔

جس کی وجہ سے ہر شعبے میں خواتین کیلئے دروازے کھلے اور انہوں نے آگے بڑھ کر قومی ترقی کی رفتار کو تیزکرنے میں اپنا فعال و ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ طاہر حسین نے مزید کہا کہ مشرف دور کے مفید و تاریخ ساز عوامی و قومی اقدامات اور ان کے دور میں عوام کو حاصل امن’ تحفظ اور خوشحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ مشرف ہی پاکستانی عوام کے ہر طبقے کے نجات دہندہ ہیں اسلئے خواتین سمیت عوام کے تمام طبقات کو مشرف کیخلاف کی جانے والی سازشوں کے سامنے ڈٹ جانا اور سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا تاکہ عوام کا استحصال کرنے والوں کی سازشوں کو ناکام بناکر عوام”جمہوریت ” کے نام پر استحصالی طبقات کی رائج کردہ غلامی سے نجات حاصل کرکے حقیقی جمہوریت سے روشناس ہوں اور ہماراوہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔