کھمبیاں کھائیے، ڈپریشن بھگائیے

Mushrooms

Mushrooms

پنسلوانیا: امریکی طبی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ جو لوگ روزانہ صرف 4.9 گرام کھمبی (مشروم) کھاتے ہیں، وہ ڈپریشن سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ماہرین کی یہی تحقیقی ٹیم پہلے یہ دریافت کر چکی ہے کہ کھمبیاں کھانے سے کینسر کا خطرہ کم رہ جاتا ہے۔

کھمبیاں کھانے سے ڈپریشن سے بچاؤ کے بارے میں بھی کچھ شواہد مل چکے تھے لیکن ان کی تصدیق ہونا باقی تھی۔
یہ جاننے کےلیے انہوں نے ایک اور مطالعہ کیا جس میں 24,699 امریکی شریک تھے۔ مطالعے کے شرکاء سے ان میں کھانے پینے کی عادات اور بیماریوں سے متعلق سوالات کیے گئے تھے۔

کھانے میں کھمبیوں کے استعمال اور ڈپریشن میں تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے جب انہوں نے ان معلومات کا جائزہ لیا تو پتا چلا کہ جو لوگ روزمرہ غذا میں کھمبیاں استعمال نہیں کرتے تھے یا ان کی بہت معمولی مقدار اپنی غذا میں شامل رکھا کرتے تھے، ان میں ڈپریشن کی شکایت تقریباً ایک جیسی تھی۔

البتہ اوسطاً 4.9 گرام کھمبی روزانہ استعمال کرنے والوں میں ڈپریشن کی شکایت خاصی کم تھی۔

سائنسدانوں کو امید تھی کہ روزمرہ استعمال میں کھمبیوں کی مقدار بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈپریشن کے واقعات میں بھی کمی آئے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

اس کے برعکس، انہیں معلوم ہوا کہ روزانہ زیادہ مقدار میں کھمبیاں کھانے والوں میں ڈپریشن کی کیفیت ویسی ہی تھی جیسی کھمبیاں استعمال نہ کرنے والوں میں دیکھی گئی تھی۔

اگرچہ یہ دریافت حیرت انگیز اور خلافِ توقع ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روزمرہ غذا میں کھمبیوں کی بہت زیادہ مقدار بھی مفید نہیں ہوتی بلکہ ایک مخصوص اور نپی تلی مقدار ہی ڈپریشن کے خلاف ہمیں فائدہ پہنچاتی ہے۔

اس تحقیق کی تفصیلات ’’جرنل آف ایفیکٹیو ڈِس آرڈرز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں جبکہ یہ ماہرین اپنا کام مزید آگے بڑھاتے ہوئے، ڈپریشن میں کھمبیوں کے فوائد کو زیادہ محتاط انداز میں کھنگالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔