اسلام آباد: مسلم ایڈشعبہ ہیومینٹرین اور ریلیف کے ہیڈ رضوان بیگ نے ناگہانی آفات سے بچاؤ کی ادویات اور آلات جراحی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منیجر عصمت اللہ قریشی کے حوالے کر دیں۔ مسلم ایڈ کی طرف سے الخدمت فاؤنڈیشن کو دی جانے والی ادویات میں وبائی امراض، امراض چشم، آشوب چشم، ٹائفیڈ، ڈائریا، گیسٹو اور جلدی بیماریوں کی ادویات شامل ہیں۔ اسکے علاوہ پانی کو صاف کرنے والی گولیاں، آپریشن بیڈ ، چیک اپ کی مشینیں اور بہت سی دوسری بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات بھی عطیہ کی گئیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نمائندہ عصمت اللہ قریشی نے مسلم ایڈ کے مین ویئر ہاؤس کا دور ہ کیا۔ دورے کے دوران مسلم ایڈ کے ہیڈ آپ ڈیپارٹمنٹ رضوان بیگ نے انہیں ادویات کی مکمل تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ الخدمت فاؤندیشن خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر معاشرے میں ہمہ جہت کام کر رہی ہے ۔کسی بھی حادثے اور آفت کی صورت میں الخدمت کا فوری رسپانس کمال ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ہر ادارہ اورہر فر د الخدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مسلم ایڈ نے یہ ادویات پاکستان میں خدانخواستہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سیلاب ، زلزلے اور تباہی کے پیش نظرپیدا ہونے والی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے دی ہیں۔ مسلم ایڈ نے خصوصی طور پرالخدمت خیبر پی کے، کے ہسپتالوں کے لیے جو ادویات فراہم کیں ہیں ان میں الخدمت جنرل ہسپتال پشاور، زچہ بچہ ہسپتال چارسدہ، شمشتو،بنو، دیر لوئر، مانسہرہ اور کلینکس میں صوابی، شوا اڈا، مرغز، تھانہ، رستم اور چارباغ کے ہسپتال شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مسلم ایڈ نے الخدمت فاؤندیشن پاکستان کو لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کے دو ٹرک عطیہ کیے ہیں۔