کرائسٹ چرچ (اصل میڈیا ڈیسک) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ مسلم برادری کی حمایت کرنا ہمارا فرض ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرائسٹ چرچ مساجد میں حملوں کو دو سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ یادگاری تقریب میں کہا ہے کہ کوئی بھی الفاظ ان زخموں کو بھر نہیں سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں مرد، خواتین اور بچوں کو ہم سے چھین لیا گیا۔ الفاظ اس خوف کو ختم نہیں کر سکتے جو مسلم برادری کے دل میں بیٹھ گیا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ ہمیں اس واقعہ سے خود کو ایک متحد قوم بنانا چاہیے۔ ایسی قوم جو ہماری تنوع پر فخر اور اسے قبول کرتی ہو اور وقت آنے پر اس کا مضبوطی سے دفاع کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ 15 مارچ کا واقعہ ہماری میراث ہوگا جس سے ہمارے دل دکھیں گے، لیکن خود کو متحد قوم بنانے کے لیے اب بھی دیر نہیں ہوئی ہے، سخت سکیورٹی میں منعقد ہونے والی اس یادگاری تقریب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے نام پکارے گئے، پولیس اور طبی عملے کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
حملے میں جاں بحق ہونے والے ہارون محمود کی اہلیہ کرن منیر نے کہا کہ بہترین بدلہ یہ ہے کہ آپ دشمن کی طرح نہ بنیں۔