مسلم ممالک کا اتحاد ملت اسلامیہ کے مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ طاہر محمود اشرفی

Lahore

Lahore

لاہور: دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بننے والا مسلم ممالک کا اتحاد ملت اسلامیہ کے مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ اتحاد کو فرقہ وارانہ معاملات میں ملوث کرنے کی باتیں افسوسناک ہیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) سے متصل ملک بھر کی 76 ہزار سے زائد مساجد میں خطبات جمعہ کے اجتماعات میں” یوم تشکر” کے موقع پر کہی گئی۔اجتماعات میں ایک مشترکہ قرارداد میں دہشتگردی کیخلاف قائم اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انتہاپسندی اور دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور دیگر اسلامی ممالک کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دہشتگردی ،انتہاپسندی کیخلاف عسکری محاذ کے ساتھ ساتھ مسلم نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے فکری اور نظریاتی محاذ کے قیام کی بھی ضرورت ہے جس کیلئے مذہبی قائدین اور مفکرین کو اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔

لاہور جامعہ مسجد صدیق اکبر میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان(رجسٹرڈ)کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ داعش جیسی انتہاپسند تنظیموں کی وجہ سے آج مسلمان پوری دنیا میں مسائل کا شکار ہورہے ہیں ۔ریاستی ، گروہی اور جماعتی دہشتگردی مسلمانوں کے مسائل میں شب و روز اضافہ کررہی ہے۔فلسطین سے کشمیر تک مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے ۔ شام ،عراق،یمن،لیبیا میں بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔فلسطین ،کشمیر میں ریاستی دہشتگردی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

ان حالات میں مسلم ممالک کی قیادت کا عسکری اتحاد قائم کرنا ایک درست اور احسن قدم ہے اور ملت اسلامیہ کیلئے امید کی کرن ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم ہونے والے عسکری اسلامی اتحاد کو فرقہ وارانہ رنگ دینے والے ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل نہیں چاہتے ۔انہوں کہا کہ پاکستان کا عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں شامل ہونا ایک درست سمت قدم ہے اور پوری قوم اس کی تائید کرتی ہے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد ،مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج ڈیرہ اسماعیل خان، مولانا عبد الکریم ندیم خانپور،مولانا ایوب صفدر گوجرانوالہ،مولانا عبد الماجد مشرقی گوجرانوالہ،مولانا اسد اللہ فاروق لاہور،مفتی وحید احمد سواتی کوئٹہ ،مولاناعبد الحمید صابری اسلام آباد،مولانا نعمان حاشر راولپنڈی، حافظ محمد امجد فیصل آباد،مولانا انوار الحق مجاہد ملتان، مولانا محمد اصغر خان کھوسہ ڈیرہ غازیخان،مفتی حبیب الرحمن کراچی،مولانا عمر عثمانی گجرات،مولانا سمیع اللہ ربانی لیہ،مولانا اشفاق پتافی مظفر گڑھ،مولانا شفیع قاسمی ساہیوال،مولانا طارق ندیم عارفوالہ،مولانا شکیل الرحمن اوکاڑہ،مفتی عمر فاروق خانیوال،قاری احمد علی ندیم سرگودھا،مولانا انیس الرحمن بلوچ ٹوبہ ٹیک سنگھ،مولانا رسال الدین آزاد قصور اور میاں راشد منیر نے سیالکوٹ میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔