نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کی سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چھ مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر لگائی جانے والی پابندی مکمل طور پر نافذ العمل ہو سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے 9 میں سے 7 ججوں نے امریکی انتظامیہ کی اس درخواست کو منظور کیا کہ ماتحت عدالتوں کی جانب سے صدر ٹرمپ کے حکم نامے پر عائد کردہ پابندیوں کو ہٹا دیا جانا چاہیے۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد اس معاملے کو اب سان فرانسسکو، کیلیفورنیا اور رچمنڈ کی وفاقی عدالتوں میں سنا جائے گا۔
صدرٹرمپ نے جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک متنازع پالیسی کے تحت 7 مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکا آنے پر پابندیاں عائد کی تھیں تاہم اس حکم نامے کو وفاقی عدالت نے فروری میں معطل قرار دے دیا تھا۔