گوجرانوالہ : تحفظ ناموسِ کعبہ رابطہ کمیٹی ضلع گوجرانوالہ کے کنویئنر علامہ صاحبزادہ محمد رفیق احمد مجددی نے کہا ہے کہ بیت اللہ کی حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ کوئی مسلمان بیت اللہ کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتا۔ سانحہء حیدری روڈ کے حوالہ سے قادیانی قیادت رائے عامہ کو گمراہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں تحفظ ناموس کعبہ رابطہ کمیٹی ضلع گوجرانوالہ کے نمائندہ اجلاس منعقدہ درگاہ حضرت ابوالبیان مرکزی جامع مسجد نقشبندیہ ماڈل ٹائون میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تما م مسالک اور جماعتوں کے نمائندگان مولانا محمد اشرف مجددی ، حاجی شاہ زمان، مولانا محمد امین محمدی ، قاری محمد سلیم زاہد ، سید غلام کبریا شاہ ، مولانا محمد مشتاق چیمہ ، فرقان عزیز بٹ ، بابر رضوان باجوہ ، مولانا اظہر حسین فاروقی ، سید احمد حسین زید ، سید مظاہر حسین ، علامہ محمد ایوب صفدر، رانا محمد کفیل خان ، سیداظہر حسین بخاری اور محمد سعید احمد صدیقی مجددی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ صدام اور عاقب کوشامل تفتیش کراکے حقائق کو سامنے لایاجائے نیزسانحہ حیدری روڈ کے اصل حقائق سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے کنونشن کرنے اور بینرز آویزاں کرنے کابھی فیصلہ کیاگیا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ علامہ صاحبزادہ محمد رفیق احمدمجددی کے بیرون ملک دورہ کے دوران قاری زاہد سلیم قائمقام کنویئنرکے فرائض سرانجام دیں گے۔
نیز سید اظہر حسین بخاری کو سرپرست ،حاجی شاہ زمان کو فنانس سیکرٹری اورپاکستان سنی تحریک کو رابطہ کمیٹی کی رکنیت دینے کافیصلہ کیاگیا ۔ علامہ صاحبزادہ محمد رفیق احمد مجددی نے مزید کہا کہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جدوجہد کرنا آئینی اورقانونی حق ہے ۔ اس حق سے کسی طورپر دست بردار نہیں ہوا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے پرامن رہنے کی تلقین بھی کی۔