کراچی: پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر زبیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ریاست پاکستان کے لئے خطرہ بنتی جا رہی ہے ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے اور نہیں ختم کرنے کے بجائے وہ ان سے آنکھیں چرارہی ہے جس سے ریاست کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں حکومتی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے یا اُس میں کمی تو دور کی بات اب تو لوگوں کے لئے پینے کے پانی کا حصول بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ہے آنے والے قومی بجٹ میں بھی اگر ماضی کی طرح محض اعداد وشمار کے گورکھ دھندوں سے لولی پاپ دینے کی کوشش کی گئی تو اس بار لاکھوں مزدور و محنت کش اس عوام دشمن حکومت کا دھڑن تختہ کرنے میں دیر نہیں لگا ئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے ایمپلائز انصاف فرنٹ کے ریفرنڈم کیمپ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر صدر ارشد سندھو، جنرل سیکریٹری نصیر احمد، لیبر ونگ کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات خالد عمران، اشتیاق احمد، منور حسین، عامر ساہی، محمد اکرام، طارق نیازی، ماجد محمود، نیاز شاہ، خالد محمود، شاہدہ خالق، شاہنواز صدیق، عابد جیلانی اور دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زبیر خان نے مزید کہا کہ ہمارے احتجاجی مظاہرے یا دھرنے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے لئے نہیں بلکہ اس کے استحکام کے لئے ہیں کیو نکہ جمہوریت کا مطلب ہی یہی ہے کہ اپوزیشن حکومت کو کوئی ایسا کام یا اقدام نہ کرنے دے جس سے ملک، اداروںاور عوام کے مفادت کچلے جارہے ہوں ہمارے ان ہی احتجاجی مظاہروں کا رد عمل ہے کہ آج کئی ادارے نجکاری کے عمل سے محفوظ ہوتے جا رہے ہیں جن میں پی آئی اے ،پاکستان اسٹل اور دیگر قومی نوعیت کے حساس اور اہم ترین ادارے شامل ہیں انہوں نے کہاکہ پی آئی کی تباہی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی اہم پوسٹوں پر من پسند افراد کی تعیناتی اقرابا پروری اور کرپشن ہے لیکن اب ہم مزید ایسا نہیں ہونے دینگے پی آئی اے کے آئندہ ہونے والے ریفرنڈم میں انصاف ایمپلائز فرنٹ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گا اور ہماری منتخب قیادت اس قومی ادارے کو ایسی پالیسیاں دے گی جس سے یہ ادارہ ایک بار پھر اس خطے کامضبوط و مستحکم اور مقبول ترین ادارہ بن جائے گا۔