کراچی : جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کی قائم مقام ناظمہ بشریٰ مقصود نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حج مسلمانوں کے درمیان یگانگت و اخوت کا زبردست داعیہ پیدا کرتا ہے اور امت مسلمہ کو اس کی راست و حقیقی بنیادوں پر قائم رکھنے کا ذریعہ ہے۔ اسلام کا یہ عالمگیر رکن مادی اور بشری بنیادوں پر ہر قسم کی تفریق کو مٹا کر تمام مطیع بندگان خدا کو یک رنگ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج کو فرض قرار دے کر اللہ رب العالمین نے مسلمانوں کو ایک ایسا مرکز بہم پہنچایا ہے جو ہر سال دنیا بھر کے مسلمانوں کو یکجا کرکے انہیں دینی، دنیاوی، انفرادی، اجتماعی، قومی، بین الاقوامی، جسمانی، روحانی ہر پہلو سے بے پناہ فوائد اور خیر و برکت پہنچاتا ہے۔ دوسری طرف حج کی پرمشقت سعادتوں کے ذریعے حب الٰہی اور جذبہ خلیلی کی جھلک کو مسلمانان عالم اپنے دل میں موجزن پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میدان عرفات میں لاکھوں بندگان خدا کا ایک ہی رنگ، ایک ہی لباس، ایک ہی حالت اور ایک ہی جذبے سے سرشار ہو کر پہاڑوں کے دامن میں اپنے انفرادی و اجتماعی تقاصیر، گناہوں، کوتاہیوں اور غفلت پہ پشیماں ہوتے ہوئے اللہ کی طرف رجوع انفرادی و اجتماعی زندگی میں تبدیلی کا محرک بنتا ہے اور شعور حیات کی حساسیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی زوال پذیری کی صورتحال میں ا س کی ضرورت دوچند ہوگئی ہے کہ مسلمانان عالم اس اجتماع کے ذریعے اپنے شکستہ اعتماد، پژمردہ ارادوں اور موجودہ حالت کو بدلیں اور اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کریں۔
بشریٰ مقصود نے کہا کہ بالخصوص ایام حج میں حجام کرام کے علاوہ تمام اہل ایمان کو اپنا انفرادی و اجتماعی تزکیہ کرنا چاہئے، نیز زیادہ سے زیادہ اللہ کی کبریائی بیان کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دعائوں کی مقبولیت کے ان ایام و مقام میں وطن عزیز، امت مسلمہ اور بے کس مسلمانوں کو یاد رکھیں۔