اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے بجٹ کے ذریعے ہمیشہ غریب کو مزید غریب کیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کے بجائے سیکرٹریز کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر جنرل سیلز ٹیکس کا بوجھ بڑھا دیا ہے، جب تک ایف بی آر میں اصلاحات نہیں ہوں گی اس وقت تک ٹیکس نیٹ کو نہیں بڑھایا جاسکتا، ایف بی آر کو سیاسی وابستگیوں سے پاک کردیا جائے تو ٹیکس نیٹ بڑھایا جاسکتا ہے، اس وقت صرف 8 فیصد لوگ ٹیکس دیتے ہیں او ر 32 فیصد نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت اپنے بجٹ میں ایف بی آر کے لئے 25 ارب روپے رکھے گی، بڑی جائیداد والےانکم ٹیکس نہیں دے سکتے تو انہیں جائیداد ٹیکس دینا پڑےگا، حکومت کی جانب سے بجٹ میں خاص طبقے کو فائدہ دیا گیا اور عوام پر بے جا ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سیلز ٹیکس 17 فیصدسے کم کر کے ساڑھے 12 فیصد پر لایا جائے،سیلز ٹیکس پر کمی کے ذریعےڈیزل کی قیمت پر 18 روپےفی لیٹر کمی کی جائے،سیلزٹیکس ساڑھے 12 فیصد ہوجائےتو پیٹرول کی قیمت 6 روپےفی لیٹرکم ہوجائےگی۔ انہوں نے کہا کہ صاحب اقتدار کے اپنے پیسے باہر بینکوں میں پڑے ہیں جب کہ ایس آر او کے ذریعے مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔