اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں دھرنے سمیت آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت انکی رہائش گاہ پر ہو رہا ہے، جس میں مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، احسن اقبال، امیر مقام، اویس لغاری، محمد زبیر، رانا تنویر، پرویز رشید سمیت اہم رہنما شریک ہیں، مشاورتی اجلاس میں آئندہ 7 نومبر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اجلاس میں آزادی مارچ میں بھرپور شرکت، حکومت کے خلاف تحریک، مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی ایشوز پر لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، نون لیگ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر نواز شریف کو اعتماد میں لیا جائے گا، پارٹی صدر شہباز شریف ن لیگ کے قائد نواز شریف کو مشاورتی اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔