فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا وارث حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت کو دھرنوں، جلسوں سے نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ نقصان ن لیگ کے اندر چھپے غداروں کی وجہ سے ہو گا۔ اگر وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آنکھیں نہ کھولیں تو نوجوان مخالفین کے کیمپ میں چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران فی الفور نوجوان کارکنوں کو اہمیت دیتے ہوئے محکمانہ کمیٹیوں اور تنظیمی امور میں نمائندگی دیکر پارٹی کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی سے جتنی جلدی ہو سکے تنظیمی عہدے واپس لیکر حقیقی کارکنوں کو سونپے جائیں تاکہ نچلی سطح پر ن لیگ کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جا سکے۔
رانا وارث نے کہا کہ اعلیٰ قیادت ن لیگ میں چھپے میر جعفروں کو بے نقاب کرنا ہو گا تاکہ آنے والے وقت میں کسی مشکل سے بچا جا سکے۔