لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کو تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا ہے۔
قبل ازیں حمزہ شہباز کے ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے ادریس رفیق اور عدیل خان نے جمع کرائے جن کا عدالتی عملے کی جانب سے جائزہ لیا گیا۔
ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کے حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی، احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے لیگی رہنما کی رہائی کی روبکار جاری کی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو رہائی کے بعد ریلی کی شکل میں رہائش گاہ تک لایا جائے گا اور ان کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں، لاہور کے 12 مقامات پر حمزہ شہباز کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا۔