اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اورسینئر پی پی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے رائے دی ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال سے نکلنے اور ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلیے ان ہائوس تبدیلی سمیت حکومت کا کوئی بھی آئینی اقدام وسیع ترقومی مفاد میں ہو گا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی غیرجمہوری اور غیرآئینی اقدام کی کبھی حمایت نہیں کرے گی اور نہ جمہوریت کوپٹڑی سے اتارنے کی اجازت دی جائے گی، وزیر اعظم نوازشریف پارٹی سربراہ بھی ہیں اس لئے مسلم لیگ ن کیلئے ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق فیصلہ مشکل نظرآتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی اور کسی دوسرے جمہوری اقدام سے متعلق فیصلہ مسلم لیگ ن ہی کرے گی۔ جو بھی فیصلہ ہویہ آئین کی حدودکے اندر اور جلد ہونا چاہیے کیونکہ شاہراہ دستور پرمارچ کی وجہ سے قومی اوربین الاقوامی سطح پرمنفی تاثرپیدا ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی اورعوامی تحریک کے مارچ کوکسی مزاحمت کے بغیر ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت دیکر حکومت نے دانش مندی دکھائی۔ آن لائن کے مطابق خورشیدشاہ نے کہا کہ عمران خان جتنی چاہیں تنقید کر لیں مگر آئین اور جمہوریت کا تحفظ کریں۔ سیاستدان ضدی نہیں ہوتا بلکہ آمر ضدی ہوتا ہے۔