وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی سے) یونین کونسل نمبر 2 سوہدرہ سے امیدوار برائے چیئرمین چوہدری شوکت آف تلواڑہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری طرح کمربستہ ہے، عملی طور پر لوگوں کے بنیادی مسائل کا خاتمہ کرنا پارٹی کے منشور میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی نظام کو فعال بنایا جارہا ہے۔
اپنے ڈیرے پر کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ممبر قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ کی حمایت پر وہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں آزاد حلقہ ہونے کی وجہ سے انہیں بوتل کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ 19 نومبر کو ہونے والے الیکشن میں عوام بوتل کے نشان پر مہر لگا کر ثابت کردیں گے وہ مسلم لیگ(ن) سے محبت کرتے ہیں۔چوہدری شوکت نے کہا کہ اہل علاقہ کو تعلیم صحت اور روزگار کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ترقیاتی کاموں میں وہ پہلے سے ہی پیش پیش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ(ن) کے ممبر قومی اسمبلی افتخار احمد چیمہ کی کاوشوں سے علاقہ میں سوئی گیس کی سہولت چالو ہوچکی ہے انشاء اﷲ چیئرمین کی سیٹ سے منتخب ہو کر وہ ہر گھر میں گیس کا چولہا جلا دیں گے کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں گے اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیکر علاقہ کو مثالی بنایا جائے گا۔ اس موقعہ پر امیدوار برائے وائس چیئرمین محمد عامر رضا اعوان، حسیب فیض ربانی،اویس شوکت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔