لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لاہور میں نامور وکیل خواجہ حارث سے 5 گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف بہت جلد وکیل خواجہ حارث کے توسط سے پٹیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کیخلاف پٹیشن کی تیاری کے بعد مریم نواز اور خواجہ حارث کی ایک اور ملاقات ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
فیصلے کے مطابق سابق وزیر اعظم کو العزیزیہ ریفرنس میں ڈھائی کروڑ ڈالر اور 1.5 ارب روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف سزا کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ پہلے ہی سنا چکی ہے جس میں نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔