پشاور(جیوڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور این اے ون سے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ اگر میرے خاندان یا پارٹی کے ارکان میں مزید کوئی مارا گیا تو اس کی ایف آئی آر صدر پاکستان آصف زرداری ،چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چودھری، آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی اور الیکشن کمشنر جسٹس ر فخرالدین سمیت ان پارٹیوں رہنما وں کے خلاف بھی ۔
درج کی جائے گی جو دہشت گردی کے ان کارروائیوں کی مذمت نہیں کرتے۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ ہم مسلمان ہیں اور پختون ہیں ہم میدان چھوڑ کر بھاگنے وا لوں میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انھیں اپنی جان کی فکر نہیں، بلکہ انہیں یکہ توت دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی شہادت پر انتہائی دکھ پہنچاہے۔
غلام بلور نے کہا کہ الیکشن سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی یہ چاروں شخصیات مل بیٹھ کر فیصلہ کریں کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی سا لمیت ، بقا اور امن کی جنگ لڑ رہے ہیں ہماری کوئی ذاتی جنگ نہیں۔
علما کرام فتوی دیں کہ ایک مسلمان کو مارنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا۔ غلام بلور نے کہا کہ اے این پی نے کیا قصور کیا ہے کہ انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔